اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطینی مرکزی انتخابی کمیشن نے ہفتہ سے مغربی کنارے کے مختلف صوبوں میں ووٹرز کی رجسٹریشن اور انتخابی معلومات کی تجدید کا عمل شروع کردیا ہے، جو بدھ 19 اگست تک جاری رہے گا۔
انتخابی کمیشن نے ایسے اہل شہریوں سے جن کے نام ووٹرز کی فہرست میں شامل نہیں ہیں، رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی ہے، جبکہ پہلے سے رجسٹرڈ افراد کو اپنی معلومات میں کسی تبدیلی کی صورت میں اسے اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیشن کے مطابق 17 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد ووٹرز کی فہرست میں اپنا نام درج کراسکتے ہیں۔
28 نومبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات مغربی کنارے، غزہ اور القدس میں منعقد ہوں گے۔
کمیشن کے مطابق مغربی کنارے میں انتخابی فہرستوں کی معلومات کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا، جبکہ غزہ کے شہریوں کو فلسطینی سول رجسٹری کے دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر خودکار طور پر ووٹرز کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔
یہ انتخابات تقریباً دو دہائیوں کے وقفے کے بعد منعقد ہورہے ہیں۔ فلسطین میں آخری پارلیمانی انتخابات 2006 میں ہوئے تھے۔ اس کے بعد طویل سیاسی اختلافات اور غزہ میں جنگ کے باعث انتخابی عمل تعطل کا شکار رہا۔
انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نامزدگی کا عمل 26 ستمبر سے 7 اکتوبر تک جاری رہے گا، جبکہ انتخابی مہم کا آغاز 6 نومبر سے ہوگا۔
حماس نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ پارلیمانی انتخابات میں حصہ لے گی اور وسیع ترین ممکنہ قومی اتحاد کے تحت انتخابات میں شرکت کی کوشش کرے گی۔
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے گزشتہ 9 جولائی کو جاری کیے گئے صدارتی فرمان کے ذریعے 28 نومبر 2026 کو پارلیمانی انتخابات کی تاریخ مقرر کی تھی، جبکہ صدارتی انتخابات 2027 کی پہلی سہ ماہی میں کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ